
09/09/2025
جنوبی وزیرستان؛ عوامی فنڈز پر کمیشن مافیا کا راج، ایم پی اے آصف خان پر ترقیاتی منصوبوں پر قبضے کے الزامات
عوامی حلقوں نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ منتخب نمائندے عوامی فلاح کے لیے کوئی عملی اقدام نہیں کرتے، البتہ جب بھی سالانہ ترقیاتی منصوبے یا حکومتی فنڈز جاری ہوتے ہیں تو ان کے راستے میں رکاوٹیں ڈال کر کمیشن طلب کیا جاتا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق رکن صوبائی اسمبلی آصف خان نے سالانہ ترقیاتی پروگرام پر مکمل طور پر قبضہ جما رکھا ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ محکمانہ فنڈز ریلیز ہونے پر ٹھیکیداروں سے 8 سے 12 فیصد تک کمیشن وصول کیا جاتا ہے، جبکہ اگر کوئی مقامی شخص اپنے اثر و رسوخ سے کوئی ترقیاتی اسکیم لانے میں کامیاب ہو بھی جائے تو اس سے بھی 5 سے 8 فیصد کٹوتی کی جاتی ہے۔
اہلیانِ علاقہ کا کہنا ہے کہ کمیشن مافیا کی اس روش کی وجہ سے خطے میں ترقیاتی منصوبے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ اعلیٰ حکام اس بدعنوانی کا نوٹس لیں، شفاف تحقیقات کریں اور علاقے کے منصوبوں کو کمیشن خوری سے محفوظ بنائیں تاکہ جنوبی وزیرستان کی محرومیاں ختم ہوسکیں۔