
08/09/2025
ایجوکیشن سپورٹ پروگرام اور یونیسف کے تعاون سے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول تمپ کی لوکل ایجوکیشن کونسل کے ممبران کی سہ روزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر
تمپ (ڈیلی آواز ٹائمز) — گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول تمپ میں لوکل ایجوکیشن کونسل (LEC) کے ممبران کے لیے سہ روزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر ہوگئی۔ یہ ورکشاپ ایجوکیشن سپورٹ پروگرام (ESP) اور یونیسف کے تعاون سے منعقد کی گئی جس میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول اور گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول تمپ کی مقامی تعلیمی کونسل کے اراکین نے شرکت کی۔
ورکشاپ کے دوران کونسل کی تشکیل، ذمہ داریاں، خصوصیات، اسکول کی بہتری کے منصوبہ جات اور ریکارڈ رکھنے کی اہمیت جیسے موضوعات پر مفصل سیشنز رکھے گئے۔
اختتامی تقریب میں ایم سی چیئرمین امین قریشی، نبیل محمود، جہانگیر حفیظ، رحیم ملک سمیت مقامی معززین شریک ہوئے۔ اس موقع پر شرکاء میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔
ایم سی چیئرمین نے اپنے خطاب میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول تمپ کے لیے بیس لاکھ روپے کی اسکیم کا اعلان کیا، جبکہ پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل محمود نے اسکول کے لیے فیول مد میں دس ہزار روپے نقد فراہم کیے اور موچی بازار پرائمری اسکول میں سولر پینل کی تنصیب کا اعلان کیا۔
شرکاء نے ورکشاپ کو علاقے کی تعلیمی ترقی کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ مقامی کونسل، قیادت اور اداروں کے باہمی تعاون سے تعلیمی معیار میں نمایاں بہتری لائی جائے گی۔