04/09/2026
ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال کا تھانہ لڈن کا سرپرائز وزٹ، ریکارڈ اور سروس ڈلیوری کا تفصیلی جائزہ
وہاڑی: ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال نے تھانہ لڈن کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے فرنٹ ڈیسک، ریکارڈ، حوالات، تھانہ کی عمارت سمیت دیگر متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈی پی او وہاڑی نے فرنٹ ڈیسک پر زیرِ التوا درخواستوں، ریکارڈ کی تکمیل اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی پولیس سروسز کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ زیرِ التوا درخواستوں کو بروقت نمٹایا جائے اور ریکارڈ کو مکمل و درست رکھا جائے۔
تصور اقبال نے تھانہ کی عمارت کا بھی معائنہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عمارت کو مناسب حالت میں برقرار رکھا جائے، ضروری مرمت کے کام فوری مکمل کیے جائیں جبکہ صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بھی یقینی بنایا جائے۔
اس موقع پر ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال کا کہنا تھا کہ تھانہ جات کے اچانک دوروں کا مقصد پولیس افسران و اہلکاروں کی کارکردگی کو جانچنا، استعدادِ کار میں اضافہ کرنا اور شہریوں کو بہتر سروس ڈلیوری فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کے معاملات میں چیک اینڈ بیلنس کو مزید مؤثر بنانے اور عوام کو بروقت انصاف و ریلیف کی فراہمی کے لیے سرپرائز وزٹس کا سلسلہ جاری رہے گا۔