10/12/2025
جنوبی وزیرستان لوئر, ڈی ایچ کیو اسپتال وانا میں کارکردگی پر سیمینار، انتظامیہ کی تفصیلی بریفنگ، شرکاء نے مرف آرگنائزیشن کی خدمات کو قابلِ ستائش قرار دیا۔
جنوبی وزیرستان لوئر : میڈیکل ایمرجنسی ریزائلنس فاؤنڈیشن (مرف) آرگنائزیشن کے زیر انتظام جنوبی وزیرستان لوئر کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وانا میں منگل کے روز کے روز اسپتال کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے ایک اہم اور معلوماتی سیمینار منعقد ہوا، جس میں اسپتال انتظامیہ نے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت اور سہولیات سے آگاہ کیا۔ سیمینار کا مقصد اسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی خدمات، انتظامی اصلاحات اور مریضوں کی سہولت کے لیے کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالنا تھا۔
سیمینار کے دوران میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈی ایچ کیو اسپتال وانا نے شرکاء کو جامع پریزنٹیشن پیش کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند برسوں میں اسپتال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ان کے مطابق اسپتال میں اب ڈائیلائسز سروسز، فعال لیبر روم، جدید ایکسرے یونٹ، گائنی وارڈ، آنکھوں کی سرجری، ہارٹ مریضوں کے لیے خصوصی نگہداشت، میڈیکل اسپیشلسٹ کی دستیابی، اور ان ڈور یعنی داخل مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی سمیت متعدد خدمات باقاعدگی سے فراہم کی جا رہی ہیں۔ شرکاء کو بتایا کہ ادویات صرف ان ڈور مریضوں کو دی جارہی ہیں جبکہ پالیسی کے مطابق آؤٹ ڈور مریضوں کیلئے نہیں دی جاسکتی۔
ایم ایس کا کہنا تھا کہ ڈی ایچ کیو اسپتال کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں مریضوں کا اعتماد بحال ہوا ہے اور آمد کا گراف بھی بڑھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈائیلائسز یونٹ کے قیام سے پہلے گردوں کے مریضوں کو ضلع سے باہر جانا پڑتا تھا، جبکہ اب یہ سہولت انہی کے دروازے پر مہیا ہے۔ اس کے علاوہ لیبر روم اور گائنی وارڈ کی فعالیت نے زچہ و بچہ کی صحت کے حوالے سے نمایاں بہتری پیدا کی ہے۔
سیمینار میں قبائلی عمائدین، علمائے کرام، سیاسی رہنماؤں، سول سوسائٹیز اور صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام اسپتال کی کارکردگی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ شرکاء نے پریزنٹیشن کے دوران اپنے سوالات اور تحفظات بھی پیش کیے، جن کا اسپتال انتظامیہ نے نہایت تسلی بخش جواب دیتے ہوئے مکمل طور پر ازالہ کیا۔ انتظامیہ نے یقین دلایا کہ مریضوں کی بہتر دیکھ بھال اور سہولت کے لیے مزید کام بھی جاری ہے۔
دوسری جانب سیمینار میں شریک قبائلی عمائدین، سیاسی رہنماؤں اور علمائے کرام نے مرف آرگنائزیشن کی خدمات کو قابلِ ستائش قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مرف آرگنائزیشن نے مختصر مدت میں اسپتال کی کارکردگی میں وہ بہتری پیدا کی ہے جس کی علاقے کو طویل عرصے سے ضرورت تھی۔ شرکاء نے اسے جنوبی وزیرستان لوئر کے لیے ایک خوش آئند اور مثبت قدم قرار دیا۔
واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال وانا کو مارچ 2022 میں صوبائی حکومت نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مرف آرگنائزیشن کے سپرد کیا تھا، جس کے بعد اسپتال کی خدمات، انتظام و انصرام، عملے کی کارکردگی اور طبی سہولیات میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد صحت کے شعبے میں جدید طرزِ حکمرانی متعارف کرانا اور عوام کو معیاری طبی سہولت فراہم کرنا تھا۔
سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے اسپتال انتظامیہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ڈی ایچ کیو اسپتال وانا مستقبل میں بھی اسی جذبے اور تسلسل کے ساتھ عوام کی خدمت جاری رکھے گا۔