The National News

The National News Contact information, map and directions, contact form, opening hours, services, ratings, photos, videos and announcements from The National News, Media/News Company, Wana.

The National News is a professional news-based digital platform led by Editor-in-Chief Roshan khan Wazir, delivering credible, timely, and fact-based journalism on national affairs and current events an independent news

جنوبی وزیرستان لوئر میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اہلکاروں میں ڈی پی او شاہ حسن نے نقد انعامات تقسیم کئے...
13/08/2026

جنوبی وزیرستان لوئر میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اہلکاروں میں ڈی پی او شاہ حسن نے نقد انعامات تقسیم کئے۔

جنوبی وزیرستان لوئر : ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جنوبی وزیرستان لوئر شاہ حسن نے جمعرات کے روز بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران، ایس ایچ اوز اور پولیس کانسٹیبلز میں نقد انعامات تقسیم کیے۔

اس موقع پر ہیڈکوارٹرز وانا کے ڈی ایس پی اصغر علی شاہ ، ڈی ایس پی نادر خان وزیر سمیت پولیس کے دیگر افسران اور اہلکار بھی موجود تھے۔ ڈی پی او شاہ حسن نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے پولیس اہلکاروں کی خدمات کو سراہا اور انہیں نقد انعامات سے نوازا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او شاہ حسن نے کہا کہ پولیس اہلکار عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور خوش اسلوبی سے پیش آئیں اور شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان بہتر تعلقات قیامِ امن اور جرائم کی روک تھام کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

ڈی پی او نے پولیس افسران اور اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی شکایات اور مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر سنا جائے اور قانون کے مطابق ان کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

ڈی پی او شاہ حسن نے کہا کہ پولیس فورس کا بنیادی مقصد عوام کے جان و مال کا تحفظ اور انہیں محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ تھانوں اور پولیس چوکیوں میں آنے والے شہریوں کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آیا جائے اور کسی بھی شکایت کو نظر انداز نہ کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ فورس میں محنت، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو فروغ دیا جا سکے۔

ڈی پی او شاہ حسن نے کہا کہ موجودہ حالات میں پولیس اہلکاروں پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں، اس لیے انہیں اپنی ڈیوٹی مزید محنت، نظم و ضبط اور جذبۂ خدمت کے ساتھ انجام دینی چاہیے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کے حل پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔

تقریب کے اختتام پر ڈی پی او شاہ حسن نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران، ایس ایچ اوز اور کانسٹیبلز میں نقد انعامات تقسیم کیے اور انہیں مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ فرائض انجام دینے کی ہدایت کی۔

میرانشاہ پریس کلب سنئیر صحافی اور رزمک ریڈیو اسٹیشن سٹیشن منیجر زاہد وزیر سے اظہارِ یکجہتی، وانا پریس کلب کا مبینہ سرچ آ...
13/08/2026

میرانشاہ پریس کلب سنئیر صحافی اور رزمک ریڈیو اسٹیشن سٹیشن منیجر زاہد وزیر سے اظہارِ یکجہتی، وانا پریس کلب کا مبینہ سرچ آپریشن اور گرفتاریوں پر تشویش، فوری رہائی کا مطالبہ۔

جنوبی وزیرستان لوئر : وانا پریس کلب کے صدر قسمت اللہ وزیر اور کابینہ کے ارکان نے میرانشاہ پریس کلب کے رکن، سینئر صحافی اور ریڈیو رزمک کے اسٹیشن منیجر زاہد وزیر کے گھر پر مبینہ سرچ آپریشن اور ان کے دو طالب علم کزنز ارشاد اور ذاکر کو ساتھ لے جانے کے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زاہد وزیر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کیا ہے۔

جمرات کے روز وانا پریس کلب (رجسٹرڈ) کے صدر اور کابینہ ارکان کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان کی تحصیل شیواہ کے گاؤں ٹنڈی میں پیش آنے والے واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی جانب سے صحافی زاہد وزیر کے گھر پر مبینہ سرچ آپریشن اور ان کے دو طالب علم کزنز کو ساتھ لے جانا انتہائی تشویش ناک ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ صحافتی برادری نے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کسی بھی شہری کے خلاف کارروائی قانون اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے کی جائے اور کارروائی کے تمام مراحل میں قانونی تقاضوں کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے۔

وانا پریس کلب کے عہدیداران نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع پہلے ہی مختلف پابندیوں، مشکلات اور حساس حالات سے دوچار ہیں، ایسے واقعات سے نہ صرف صحافیوں بلکہ ان کے اہلِ خانہ اور عام شہریوں میں بھی خوف اور عدم تحفظ کا احساس مزید بڑھ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی شہری کے خلاف کوئی الزام، شکایت یا قانونی معاملہ موجود ہے تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جانی چاہیے، تاہم شہریوں کے بنیادی حقوق، چادر اور چار دیواری کے تقدس اور قانونی تقاضوں کو ہر صورت ملحوظِ خاطر رکھا جانا چاہیے۔

وانا پریس کلب نے مطالبہ کیا کہ صحافی زاہد وزیر کے گھر پر کیے گئے مبینہ سرچ آپریشن کے حقائق اور اس کی وجوہات فوری طور پر واضح کی جائیں۔ بیان میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ ارشاد اور ذاکر کو ساتھ لے جانے کی صورت میں ان کے اہلِ خانہ کو ان کی قانونی حیثیت اور کارروائی کی وجوہات سے آگاہ کیا جائے۔

صحافتی تنظیم کے عہدیداران نے کہا کہ صحافی مشکل اور حساس حالات میں بھی اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں، اس لیے انہیں یا ان کے اہلِ خانہ کو غیر ضروری دباؤ، ہراسانی یا خوف کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر حقائق سامنے لائے جائیں اور اگر دونوں طالب علموں کے خلاف کوئی قانونی مقدمہ یا الزام موجود نہیں تو انہیں قانون کے مطابق جلد از جلد رہا کیا جائے۔

وانا پریس کلب کے صدر اور کابینہ ارکان نے آخر میں صحافی زاہد وزیر کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ صحافتی برادری کسی بھی صحافی کے ساتھ ناانصافی یا غیرقانونی طرزِ عمل کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی اور آئین، قانون اور آزادیٔ صحافت کے بنیادی اصولوں کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

انٹرنیشنل یوتھ ڈے کے موقع پر موسیٰ نیکہ پبلک سکول اینڈ کالج میں پروقار تقریبوانا : موسیٰ نیکہ پبلک سکول اینڈ کالج وانا م...
12/08/2026

انٹرنیشنل یوتھ ڈے کے موقع پر موسیٰ نیکہ پبلک سکول اینڈ کالج میں پروقار تقریب

وانا : موسیٰ نیکہ پبلک سکول اینڈ کالج وانا میں انٹرنیشنل یوتھ ڈے 2026 کے موقع پر ایک خوبصورت، بامقصد اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب کا اہتمام یوتھ آفیسر جنوبی وزیرستان لوئر سعود وزیر اور یوتھ ایمبیسیڈر و یوتھ ایم پی اے خیبرپختونخوا یوتھ اسمبلی گل محمد وزیر کے زیرِ اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے دوران نوجوانوں کی تعلیم، کردار سازی، قیادت، مثبت سوچ، تخلیقی صلاحیتوں اور معاشرتی ذمہ داریوں سے متعلق مختلف امور پر روشنی ڈالی گئی۔

مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان کسی بھی معاشرے کا سب سے قیمتی اثاثہ اور مستقبل کی حقیقی قوت ہوتے ہیں۔ نوجوانوں کو معیاری تعلیم، مثبت رہنمائی اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بہتر مواقع فراہم کرکے معاشرے میں تعمیری تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوانوں کے لیے صرف تعلیمی کامیابی کافی نہیں، بلکہ انہیں جدید علوم، ٹیکنالوجی، قائدانہ صلاحیتوں، مثبت سوچ اور سماجی ذمہ داریوں سے بھی ہم آہنگ ہونا ہوگا۔ نوجوان اگر اپنی صلاحیتوں کو درست سمت میں بروئے کار لائیں تو وہ نہ صرف اپنے مستقبل کو بہتر بنا سکتے ہیں بلکہ ملک و قوم کی ترقی میں بھی مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔

مقررین نے مزید کہا کہ آج کے نوجوان ہی کل کے رہنما ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ نوجوان نسل کو بااختیار، باصلاحیت، باکردار اور خوداعتماد بنانے کے لیے سرکاری و غیر سرکاری ادارے، تعلیمی مراکز، اساتذہ، والدین اور معاشرے کے دیگر طبقات مل کر اپنا کردار ادا کریں۔

تقریب کے اختتام پر نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے، تعلیم پر توجہ مرکوز کرنے اور اپنی صلاحیتوں کو معاشرے کی بہتری کے لیے استعمال کرنے کی ترغیب دی گئی۔ شرکاء نے انٹرنیشنل یوتھ ڈے کے حوالے سے منعقدہ تقریب کو نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی رہنمائی کے لیے ایک مثبت اور مفید کاوش قرار دیا۔

مون سون شجرکاری مہم 2026 جنوبی وزیرستان لوئر میں فاکس کے پودے لگانے کی تقریبوانا : مون سون شجرکاری مہم 2026 کے سلسلے میں...
12/08/2026

مون سون شجرکاری مہم 2026 جنوبی وزیرستان لوئر میں فاکس کے پودے لگانے کی تقریب

وانا : مون سون شجرکاری مہم 2026 کے سلسلے میں 12 اگست 2026 کو جنوبی وزیرستان لوئر میں محکمہ جنگلات کے زیرِ اہتمام شجرکاری کی ایک باقاعدہ اور آگاہی پر مبنی تقریب منعقد ہوئی، جس کا مقصد علاقے میں سبزہ بڑھانے، ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دینے اور عوام کو شجرکاری کی اہمیت سے روشناس کرانا تھا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر نور سلطان اور ڈاکٹر نیاز وزیر نے محکمہ جنگلات جنوبی وزیرستان لوئر کے افسران اور اہلکاروں کے ہمراہ فکس (Ficus) کے پودے لگائے۔ شرکاء نے شجرکاری کو ماحولیاتی بہتری اور آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے ایک اہم اقدام قرار دیا۔

تقریب کے دوران محکمہ جنگلات کی جانب سے مقامی کمیونٹی میں مختلف اقسام کے پودے مفت بھی تقسیم کیے گئے، تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری شجرکاری مہم کا حصہ بن سکیں اور اپنے گھروں، تعلیمی اداروں، سرکاری مقامات اور دیگر دستیاب جگہوں پر پودے لگا کر علاقے کو سرسبز و شاداب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

محکمہ جنگلات کے حکام نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، بڑھتی ہوئی گرمی اور ماحولیاتی آلودگی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر شجرکاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ درخت نہ صرف ماحول کو صاف رکھنے میں مدد دیتے ہیں بلکہ زمین کے درجہ حرارت میں کمی، ہوا کے معیار میں بہتری اور قدرتی حسن میں اضافے کا بھی باعث بنتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شجرکاری کا مقصد صرف پودے لگانا نہیں بلکہ ان کی مناسب دیکھ بھال، بروقت پانی، حفاظت اور نشوونما کو یقینی بنانا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔ اگر لگائے گئے پودوں کی حفاظت کی جائے تو شجرکاری مہم کے مثبت نتائج طویل عرصے تک برقرار رہ سکتے ہیں۔

حکام نے مزید کہا کہ جنوبی وزیرستان لوئر کو سرسبز اور ماحولیاتی اعتبار سے بہتر بنانے کے لیے محکمہ جنگلات اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہا ہے، تاہم اس مقصد کے حصول کے لیے عوامی تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، کم از کم ایک پودا ضرور لگائیں اور اسے درخت بننے تک اس کی حفاظت کو اپنی ذمہ داری سمجھیں۔

محکمہ جنگلات کے مطابق ایک پودا آج کی کاوش اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک قیمتی تحفہ ہے؛ اس لیے شجرکاری کے ساتھ ساتھ درختوں کا تحفظ بھی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

وانا، مانتوئی میں 4.5 کلومیٹر طویل سڑک کا افتتاح، عوام کا اظہارِ تشکروانا : جنوبی وزیرستان لوئر سے نومنتخب رکنِ صوبائی ا...
09/08/2026

وانا، مانتوئی میں 4.5 کلومیٹر طویل سڑک کا افتتاح، عوام کا اظہارِ تشکر

وانا : جنوبی وزیرستان لوئر سے نومنتخب رکنِ صوبائی اسمبلی عجب گل وزیر اور رکنِ قومی اسمبلی زوبیر وزیر کی خصوصی ہدایت پر مانتوئی میں 4.5 کلومیٹر طویل سڑک کا افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں پاکستان تحریکِ انصاف کے سینئر رہنماؤں، مقامی قومی مشران اور علاقہ مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

افتتاحی تقریب میں پاکستان تحریکِ انصاف جنوبی وزیرستان لوئر کے ایم پی اے فوکل پرسن مراد علی وزیر اور رہنماؤں محمد نور وزیر، نصرالدین وزیر، انوار الحق وزیر، گل محمد وزیر، انصاف یوتھ ونگ جنوبی وزیرستان لوئر کے صدر نور علی وزیر، سہیل سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات اور علاقائی مشران موجود تھے۔

اس موقع پر علاقہ مکینوں نے سڑک کی تعمیر کے منصوبے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایم پی اے عجب گل وزیر اور ایم این اے زوبیر وزیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اہلِ علاقہ کا کہنا تھا کہ مانتوئی کی مذکورہ سڑک کی تعمیر ایک دیرینہ اور بنیادی عوامی مطالبہ تھا، جسے عملی جامہ پہنانے کے لیے موجودہ قیادت نے خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔

مقامی مشران نے کہا کہ بہتر اور پائیدار سڑکوں کا نظام کسی بھی علاقے کی بنیادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ سڑکوں کی تعمیر سے نہ صرف عوام کو آمدورفت کی بہتر سہولیات میسر آتی ہیں بلکہ طلبہ، مریضوں، تاجروں اور عام شہریوں کے لیے تعلیم، صحت، تجارت اور روزگار کے مواقع تک رسائی بھی آسان ہو جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مانتوئی کی ساڑھے چار کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر سے مقامی آبادی کو روزمرہ سفر میں نمایاں سہولت حاصل ہوگی، جبکہ علاقے کو قریبی بازاروں اور دیگر اہم مقامات سے بہتر رابطہ بھی میسر آئے گا۔

مشران کا مزید کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کا اصل مقصد عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور پسماندہ علاقوں کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنا ہونا چاہیے۔ مانتوئی میں سڑک کی تعمیر ایک مثبت پیش رفت ہے، تاہم علاقے میں اب بھی متعدد بنیادی مسائل موجود ہیں جن کے حل کے لیے مزید عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

علاقہ مکینوں نے امید ظاہر کی کہ موجودہ قیادت مانتوئی سمیت جنوبی وزیرستان لوئر کے دیگر علاقوں میں بھی سڑکوں، پینے کے صاف پانی، صحت، تعلیم، بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق دیرینہ مسائل کے حل کو ترجیح دے گی۔

اہلِ علاقہ نے سڑک کی تعمیر کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے ترقیاتی منصوبوں سے نہ صرف عوام کی مشکلات میں کمی آئے گی بلکہ علاقے کی مجموعی معاشی و سماجی ترقی کی راہ بھی ہموار ہوگی۔

ڈاکٹر ثناء اللہ بھٹنی کا تبادلہ فوری منسوخ کیا جائے، ڈسٹرکٹ پریس کلب وانا کا شدید ردِعمل، حکومتی فیصلے پر سوالاتپشاور بی...
07/08/2026

ڈاکٹر ثناء اللہ بھٹنی کا تبادلہ فوری منسوخ کیا جائے، ڈسٹرکٹ پریس کلب وانا کا شدید ردِعمل، حکومتی فیصلے پر سوالات
پشاور بیرو چیف
روشان خان
ڈسٹرکٹ پریس کلب وانا، جنوبی وزیرستان لوئر نے ریجنل انفارمیشن آفیسر ڈاکٹر ثناء اللہ بھٹنی کے تبادلے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومتِ خیبر پختونخوا سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کا تبادلہ فوری طور پر منسوخ کرکے انہیں دوبارہ ڈیرہ اسماعیل خان میں تعینات کیا جائے۔

اس مطالبے کے لیے ڈسٹرکٹ پریس کلب وانا کے صدر قسمت اللہ وزیر اور جنرل سیکرٹری وسیم سجاد وزیر کی سربراہی میں ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صحافیوں نے متفقہ طور پر مذمتی قرارداد منظور کی۔ اجلاس کے شرکاء نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے اس فیصلے پر نظرثانی نہ کی تو صحافتی برادری احتجاج سمیت آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرنے پر مجبور ہوگی۔

اجلاس میں صحافیوں کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر ثناء اللہ بھٹنی کو ڈیرہ اسماعیل خان سے پشاور منتقل کرنے کا فیصلہ کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔ ان کے مطابق ڈاکٹر ثناء اللہ بھٹنی نے اپنی ذمہ داریاں دیانتداری، بے خوفی اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیتے ہوئے مبینہ طور پر زرد صحافت، ڈمی اخبارات اور غیر قانونی اشاعتی سرگرمیوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کیں، جس سے بعض بااثر عناصر کے مفادات متاثر ہوئے۔

صحافیوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ایک فرض شناس، دیانتدار اور باصلاحیت افسر کا تبادلہ نہ صرف اصلاحاتی اقدامات کو متاثر کرے گا بلکہ قانون کی عملداری اور شفاف نظامِ اطلاعات پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر ثناء اللہ بھٹنی کی خدمات نے صحافتی شعبے میں نظم و ضبط، احتساب اور شفافیت کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا، اس لیے ان کا تبادلہ اصلاحاتی عمل کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔

اجلاس کے شرکاء نے حکومتِ خیبر پختونخوا، سیکرٹری اطلاعات اور ڈائریکٹر جنرل اطلاعات سے مطالبہ کیا کہ فیصلے پر فوری نظرثانی کرتے ہوئے ڈاکٹر ثناء اللہ بھٹنی کو دوبارہ ریجنل انفارمیشن آفیسر، ڈیرہ اسماعیل خان تعینات کیا جائے، تاکہ جاری اصلاحاتی اقدامات تسلسل کے ساتھ آگے بڑھ سکیں۔

اجلاس کے اختتام پر ڈسٹرکٹ پریس کلب وانا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ صحافت کے نام پر کسی بھی غیر قانونی سرگرمی یا بدعنوانی کی حمایت نہیں کرے گا اور ایسے ہر فیصلے کے خلاف آئینی اور جمہوری انداز میں آواز بلند کرتا رہے گا جو دیانتدار افسران کی حوصلہ شکنی یا شفاف نظام کو نقصان پہنچانے کا سبب بنے۔

جنوبی وزیرستان وانا میں پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں، مہنگائی اور بدامنی کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاجونا : جنوبی وزیرستان لوئ...
07/08/2026

جنوبی وزیرستان وانا میں پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں، مہنگائی اور بدامنی کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاج

ونا : جنوبی وزیرستان لوئر رستم بازار وانا میں جماعت اسلامی کے ضلعی امیر اسد اللہ بھیر کی قیادت میں پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے، مہنگائی اور بدامنی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لئے فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر جماعت اسلامی جنوبی وزیرستان لوئر کے ضلعی امیر اسد اللہ بھیر نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے اور لوگ دو وقت کی روٹی کے لئے سخت جدوجہد کر رہے ہیں، جبکہ حکمران طبقہ مراعات اور عیاشیوں میں مصروف ہے اور غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث مہنگائی حد سے تجاوز کر چکی ہے، جس سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ جماعت اسلامی کے مرکزی امیر کی ہدایات پر ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی تحریک جاری ہے اور اگر عوامی مسائل حل نہ کئے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

جماعت اسلامی امیر اسد اللہ بھیر نے جنوبی وزیرستان میں بدامنی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئے روز ناخوشگوار واقعات رونما ہو رہے ہیں، جبکہ صوبائی حکومت خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس اور سول انتظامیہ میں کرپشن کے باعث عوامی مسائل حل نہیں ہو رہے اور حکام عوام کو درپیش مشکلات کے حل کے لئے سنجیدہ نظر نہیں آتے۔

احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے سیف الرحمان وزیر نے کہا کہ ملک میں موجودہ مہنگائی، بدامنی اور بے روزگاری کے ذمہ دار حکمران طبقہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہے تو حکمران فوری طور پر مستعفی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کروڑوں عوام بدامنی، بے روزگاری اور مہنگائی کا سامنا کر رہے ہیں، مگر حکمرانوں کو عوامی مشکلات کی کوئی فکر نہیں۔

یادرہے کہ وانا بازار میں باقاعدہ ریلی بھی نکالی گئی، جس میں مظاہرین نے مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور بدامنی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

اہلِ شمالی وزیرستان کے لیے خوشخبری!!شمالی وزیرستان کے عوام، خصوصاً ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کے لیے ایک خوش آئند خبر ہے۔ڈاک...
07/08/2026

اہلِ شمالی وزیرستان کے لیے خوشخبری!!

شمالی وزیرستان کے عوام، خصوصاً ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کے لیے ایک خوش آئند خبر ہے۔

ڈاکٹر فوزیہ امین

MBBS, FCPS (Obstetrics & Gynaecology), MRCOG Part 1

کنسلٹنٹ ماہرِ امراضِ نسواں و زچگی (Consultant Obstetrician & Gynaecologist)

ڈاکٹر فوزیہ امین نے خیبر ٹیچنگ ہسپتال (KTH) پشاور سے امراضِ نسواں و زچگی (Obstetrics & Gynaecology) میں تخصصی تربیت حاصل کی ہے۔ وہ خواتین کی صحت، حمل، زچگی اور امراضِ نسواں کی تشخیص و علاج کے شعبے میں وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔

دستیاب طبی سہولیات :

حمل کے دوران مکمل طبی نگہداشت (Antenatal Care)
نارمل ڈلیوری اور سیزیرین آپریشن
امراضِ نسواں کی جدید تشخیص اور مؤثر علاج
زچہ و بچہ کی ہنگامی طبی سہولیات
معمول کے گائنی چیک اپ
حمل سے قبل اور بعد از زچگی طبی رہنمائی اور مشاورت

کلینک کا پتہ: ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (DHQ) ہسپتال میرانشاہ
فی میل سیکشن، ڈاکٹرز فلیٹس نمبر 4

اوقاتِ کار : سرکاری ڈیوٹی اوقات کے دوران مریضات کا معائنہ کیا جائے گا۔

تمام ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں سے گزارش ہے کہ خواتین کی صحت، حمل کی نگہداشت، معمول کے طبی معائنے یا امراضِ نسواں سے متعلق کسی بھی مسئلے کی صورت میں بلا جھجھک تشریف لائیں اور مستند طبی سہولیات سے فائدہ اٹھائیں۔

وانا : پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی وزیرستان لوئر کے جنرل سیکرٹری عمران مخلص وزیر نے جنوبی وزیرستان لوئر میں مبینہ ڈرون حمل...
07/08/2026

وانا : پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی وزیرستان لوئر کے جنرل سیکرٹری عمران مخلص وزیر نے جنوبی وزیرستان لوئر میں مبینہ ڈرون حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر علاقے میں ڈرون طیاروں کی پروازوں اور حملوں کی اطلاعات نہایت تشویشناک ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس صورتحال کی فوری وضاحت کی جائے اور عام شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

اپنے جاری کردہ بیان میں عمران مخلص وزیر نے کہا کہ ایسے حملوں کے دوران بے گناہ شہریوں اور عام آبادی کے متاثر ہونے کا شدید خدشہ موجود رہتا ہے، اس لیے متعلقہ اداروں کو کارروائیوں کے دوران انتہائی احتیاط برتنی چاہیے تاکہ کسی بھی قسم کا جانی نقصان نہ ہو۔

انہوں نے بتایا کہ آج ان کے آبائی گھر کے سامنے مبینہ ڈرون حملہ ہوا، جس کے نتیجے میں ان کے کزن طاہر معمولی زخمی ہوگئے۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ خوش قسمتی سے کوئی بڑا جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم اس واقعے نے ان کے خاندان اور علاقے کے مکینوں میں شدید خوف و ہراس اور بے چینی پیدا کر دی ہے۔

عمران مخلص وزیر کا کہنا تھا کہ ان کا خاندان پہلے ہی ذاتی دشمنیوں اور دیگر مسائل کے باعث مختلف خطرات سے دوچار ہے، جبکہ حالیہ ڈرون حملوں نے ان کی مشکلات اور خدشات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

انہوں نے ریاستی اداروں اور سیکیورٹی فورسز سے مطالبہ کیا کہ بے گناہ شہریوں، خصوصاً حساس حالات سے گزرنے والے خاندانوں کے تحفظ کے لیے فوری، مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ہر قسم کی کارروائی کے دوران شہری آبادی کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے تاکہ معصوم افراد کسی بھی نقصان سے محفوظ رہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی وزیرستان لوئر کے عوام امن، استحکام اور محفوظ ماحول کے خواہاں ہیں۔ حکومت اور متعلقہ ادارے ایسی پالیسیاں اختیار کریں جن سے علاقے کے عوام خوف و ہراس کی فضا سے نکل کر پرسکون اور محفوظ زندگی گزار سکیں۔

ماں کے دودھ کی اہمیت و افادیت پر عالمی آگاہی دن کے موقع پر ڈی ایچ کیو ہسپتال وانا میں سیمینار کا انعقادوانا : ماں کے دود...
03/08/2026

ماں کے دودھ کی اہمیت و افادیت پر عالمی آگاہی دن کے موقع پر ڈی ایچ کیو ہسپتال وانا میں سیمینار کا انعقاد

وانا : ماں کے دودھ کی اہمیت، افادیت اور نومولود بچوں کی بہتر نشوونما کے حوالے سے عالمی ہفتہ آگاہی کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا کے آڈیٹوریم ہال میں یونیسیف کے تعاون سے آئی این پی کے (INP KP) نے ایک آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا، اور ساتھ ہی ساتھ ریلی بھی نکالی گئی۔ جسمیں بچوں کو چھ ماہ تک دودھ پلانا لازمی قرار دیا گیا ہے ،

سیمینار میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جنوبی وزیرستان لوئر ڈاکٹر عدنان داوڑ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عرفان وزیر، ڈی ایم ایس ڈاکٹر نواز خان، نیشنل پروگرام کوآرڈینیٹر ڈاکٹر زین العابدین وزیر ، ڈسٹرکٹ نیوٹریشن منیجر وارث خان وزیر سمیت محکمہ صحت کے دیگر ڈاکٹرز، علماء کرام، سماجی شخصیات، طبی عملے، مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر زین العابدین وزیر نے کہا کہ ماں کا دودھ نومولود بچے کے لیے اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ بہترین اور مکمل غذا ہے، جو بچے کی جسمانی، ذہنی اور نفسیاتی نشوونما میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھ ماہ تک بچوں کو ماں کا دودھ پلانا لازمی ہے، انہوں نے کہا کہ پیدائش کے فوراً بعد بچے کو ماں کا دودھ پلانے سے نہ صرف اس کی قوتِ مدافعت مضبوط ہوتی ہے بلکہ متعدد خطرناک بیماریوں سے بھی تحفظ حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر نومولود کو زندگی کے ابتدائی چھ ماہ تک صرف ماں کا دودھ پلایا جانا چاہیے، جبکہ دو سال یا اس سے زائد عرصے تک مناسب اضافی غذا کے ساتھ دودھ پلانے کا سلسلہ جاری رکھنا بچے کی صحت کے لیے انتہائی مفید ہے۔

اس موقع پر ڈی ایم ایس ڈاکٹر نواز خان نے کہا کہ ماں کا دودھ صرف بچے ہی نہیں بلکہ والدہ کی صحت کے لیے بھی بے شمار فوائد رکھتا ہے۔ اس سے زچگی کے بعد صحت کی بحالی میں مدد ملتی ہے، بعض بیماریوں کے خطرات میں کمی آتی ہے اور ماں اور بچے کے درمیان محبت و جذباتی وابستگی مزید مضبوط ہوتی ہے۔

تقریب سے مفتی صلاح الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا،کہ بچوں کو ماں کا دودھ پلانے سے خود اعتمادی اور بچے کی شخصیت نکھر جاتی ہے،30 ماہ تک بچے کو ماں کا دودھ پلانے کی اسلام نے جائز قرار دیا ہے،

وارث خان وزیر نے کہا کہ ماں کے دودھ کی افادیت پر مفصل روشنی ڈالی، سب نے بچے کی پیدائش کے ادھے گھنٹے تک ماں کا دودھ پلانا اور سب نے چھ ماہ تک بچے کو ماں کا دودھ پلانا لازمی قرار دیا،حتی کہ اس دوران بچے کو پانی تک نہ پلایا جائے،باور چھ ماہ کے بعد ماں دودھ کے ساتھ ساتھ بچے کو نرم خوراک بھی کھلا سکتا ہے، جو کہ دو سال تک ماں دودھ کے ساتھ ساتھ بچے کو نرم غذاء کھلا اور پلاسکتی ہے، تاکہ بچے کی صحیح نشوونما ہوسکے،اور ان کو مختلف بیماریوں سے بچایا جا سکے، اس دوران ماں کے دودھ کی افادیت اور آگاہی کے حوالے سے شرکاء نے واک بھی کی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جنوبی وزیرستان لوئر ڈاکٹر عدنان داوڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ محکمہ صحت ماں اور بچے کی صحت کے تحفظ کو اولین ترجیح دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماں کے دودھ کی اہمیت سے متعلق عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہمات، سیمینارز اور طبی مراکز میں مشاورتی پروگرامز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ ہر ماں اس قدرتی نعمت کی اہمیت سے آگاہ ہو اور بچوں کو صحت مند مستقبل فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے والدین، علماء کرام، اساتذہ اور معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ ماں کے دودھ کی اہمیت کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کرنے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ بچوں میں غذائی قلت اور مختلف بیماریوں کی شرح کو کم کیا جا سکے۔

سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے ماں کے دودھ کے فروغ اور ماں و بچے کی بہتر صحت کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

Address

Wana

Alerts

Be the first to know and let us send you an email when The National News posts news and promotions. Your email address will not be used for any other purpose, and you can unsubscribe at any time.

Shortcuts

Share