
12/10/2025
پاکستان نے افغانستان کی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے افغانستان کی 19 پوسٹوں پر قبضہ کر لیا، منوجیا بٹالین ہیڈ کوارٹرز، غرنالی ہیڈکوارٹر، درانی کیمپ سمیت کئی مورچے ملیامیٹ کر دیئے، کئی افغان اہلکاروں نے ہتھیار ڈال دیئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابقپاک فوج نے افغان پوسٹوں پر پاکستان کا جھنڈا لہرا دیا، انگور اڈہ چیک پوسٹ پر افغان فوجی پاک فوج کو آتا دیکھ کر بھاگ گئے۔ کرم سے ملحقہ علاقے میں افغانستان کے کئی ٹینکوں ، شپولا ہلا پوسٹ اور باجوڑ کے سامنے کرزئی پوسٹ کو مکمل تباہ کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان فورسز نے پاک افغان بارڈر انگور اڈا، باجوڑ، کرم ، دیر، چترال اور بارام چاہ کے مقامات پر بِلا اشتعال فائرنگ کی۔ اس کے علاوہ چاغی میں بھی فائرنگ کی گئی ، پاک فوج نے فوری جواب دیتے ہوئے متعدد افغان پوسٹوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے طالبان کے غزنالی ہیڈ کوارٹر نوشکی سیکٹر کو نشانہ بنا کر مکمل تباہ کر دیا ، غزنالی ہیڈ کوارٹر میں موجود درجنوں طالبان اور خارجیوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ افغان فورسز کی فائرنگ کا مقصد خوارج کی تشکیلوں کو بارڈر پار کروانا تھا۔ پاک فوج کی جانب سے حملوں کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے آرٹلری، ٹینکوں،ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ داعش اور خارجی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کیلئے فضائی وسائل اور ڈرونز کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔ افغان پوسٹیں خارجیوں کو کور فائر دینے میں ناکام ہو گئیں۔
پاک فوج کی طرف سے برابچا کے علاقے میں افغان طالبان کی اُس بٹالین کو بھی نشانہ بنایا گیا، جہاں سے خارجیوں اور فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کو پاکستان میں لانچ کیا جاتا تھا۔
واضح رہے افغانستان کی جانب سے جارحیت افغان وزیر خارجہ کے دورہ بھارت کے موقع پر ہو رہی ہے