16/09/2025
حاجی سجو کالونی کی سڑک کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگی
حکومتی بے حسی نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی
سوئی (نمائندہ خصوصی) — تحصیل سوئی کے مین بازار سے حاجی سجو کالونی اور کامران پبلک اسکول جانے والی مرکزی سڑک مکمل طور پر کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہے۔ کئی برسوں سے نظرانداز کی جانے والی اس سڑک پر سفر کرنا شہریوں کے لیے عذاب بن چکا ہے، مگر حکومتی نمائندے اور ذمہ دار ادارے مکمل خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔
عوام کا شدید غم و غصہ
سڑک پر جگہ جگہ کھڈے اور گڑھے عوام کے لیے خطرناک صورتحال پیدا کر چکے ہیں۔ بارش کے دنوں میں پانی جمع ہو کر راستہ بند ہو جاتا ہے، جب کہ خشک موسم میں گرد و غبار نے لوگوں کی صحت خراب کر دی ہے۔ طلبہ، مریض اور عام شہری روزانہ اذیت برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔
حکام کی مجرمانہ غفلت
اہلیانِ کالونی کا کہنا ہے کہ بارہا شکایات اور مطالبات کے باوجود سڑک کی مرمت یا تعمیر کے لیے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ عوام نے اسے حکام کی مجرمانہ غفلت اور عوام دشمنی قرار دیا ہے۔
فوری اقدامات کا مطالبہ
علاقہ مکینوں نے واضح کر دیا ہے کہ اگر سڑک کی فوری تعمیر نہ کی گئی تو احتجاجی راستہ اختیار کیا جائے گا ۔