 
                                                                                                    11/10/2025
                                            موبائل فون اور معاشرے کی تباہی
موبائل فون جہاں بے شمار فائدے رکھتا ہے وہیں اس کے نقصانات بھی کم نہیں۔ اگر اسے مثبت اور تعمیری مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے تو یہ علم، رابطے اور ترقی کا ذریعہ بن سکتا ہے، لیکن افسوس کہ آج کل موبائل فون زیادہ تر غلط کاموں کے لیے استعمال ہو رہا ہے۔اکثر دیہات، چوپالوں اور محلوں میں کم عمر بچوں کے ہاتھوں میں مہنگے موبائل فون دیکھنے کو ملتے ہیں۔ جب ان سے پوچھا جائے کہ کیا کر رہے ہو، تو جواب ملتا ہے.ہم ٹک ٹاک چلا رہے ہیں یا ویڈیوز دیکھ رہے ہیں. رات گئے تک موبائل استعمال کیا جاتا ہے۔ والدین پوچھتے نہیں اور اگر پوچھیں بھی تو بچے پڑھائی کا بہانہ بنا کر بات ٹال دیتے ہیں۔سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا غیر ضروری استعمال نہ صرف وقت کا ضیاع ہے بلکہ اس سے نوجوان نسل دھوکہ دہی اور بلیک میلنگ کا بھی شکار ہو رہی ہے۔ بعض لوگ پیسے یا محبت کا جھانسہ دے کر بچوں کو غلط تعلقات کی طرف لے جاتے ہیں۔ اکثر سنا جاتا ہے کہ فلاں لڑکی کی نازیبا ویڈیو وائرل ہو گئ یہ سب ایسے ہی ہوتا ہے۔ اچھی دوستی کا بہانہ بنا کر جنسی تعلقات تک بات پہنچ جاتی ہے۔جن لڑکیوں کے پاس انٹرنیٹ نہیں ہوتا وہ بھی میسج اور فون کالز کے ذریعے بات چیت شروع کرتی ہیں۔ اسکول، کالج اور یونیورسٹیوں میں دوستی بڑھتی ہے۔ لڑکے اکثر کال ریکارڈ کر کے بلیک میلنگ کے لیے استعمال کرتے ہیں، اور ایک فون کال کی بنیاد پر لڑکی پھنسی رہ جاتی ہے، جو بالآخر زیادتی یا خودکشی جیسے سنگین انجام تک جا پہنچتی ہے۔یہ سب اب دیہاتی علاقوں میں بھی عام ہوتا جا رہا ہے۔ چھوٹے چھوٹے بچے بھی اپنے دوستوں کے ساتھ محبت کی باتیں کرتے سنے جاتے ہیں۔ والدین سمجھتے ہیں کہ بچہ پڑھ رہا ہے، مگر وہ موبائل پر فضول چیزوں میں مشغول ہوتا ہے یا کسی کے جھانسے میں آ چکا ہوتا ہے۔یہ وقت ہے ہوش کے ناخن لینے کا والدین کو چاہیے کہ کم عمر بچوں کو موبائل نہ دیں۔ یہ صرف اُن کی زندگی نہیں بلکہ آپ کا سکون اور عزت بھی تباہ کر سکتا ہے۔                                        
 
                                                                                                     
                                                                                                     
                                         
   
   
   
   
     
   
   
  