22/07/2026
پریس کانفرنس
پشاور: ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ایف آئی اے پشاور سرکل رانا شاہد حبیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ بیرون ملک ملازمت کے لیے پروٹیکٹر آفس میں مبینہ کرپشن اور ایجنٹ مافیا کے خلاف بڑی کارروائی کی گئی ہے۔
رانا شاہد حبیب کے مطابق وفاقی اداروں میں سرگرم ایجنٹ مافیا کے خلاف کارروائی کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے ڈائریکٹر فرخ جمال کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی کارروائی کے دوران 7 لاکھ روپے برآمد ہوئے، جبکہ دورانِ تفتیش ملزم کے گھر پر چھاپے کے دوران مزید ایک کروڑ روپے نقد بھی برآمد کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند افراد سے مختلف ممالک کے ویزوں کے لیے الگ الگ نرخ وصول کیے جاتے تھے اور یہ گروہ روزانہ تقریباً 15 لاکھ روپے تک کماتا تھا۔ ان کے بقول اس غیرقانونی نیٹ ورک میں ڈائریکٹر کے ساتھ دیگر عملہ بھی ملوث ہے، جبکہ بعض افراد وفاقی وزارت تک رسائی رکھتے ہیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر نے بتایا کہ فرخ جمال گزشتہ چھ ماہ سے مذکورہ عہدے پر تعینات تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریمانڈ کے دوران ملزم کی نشاندہی پر سسٹم انچارج عمران کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔
رانا شاہد حبیب نے کہا کہ ایف آئی اے کے ڈی جی کی واضح ہدایات ہیں کہ کرپشن اور ایجنٹ مافیا میں ملوث تمام افراد کے خلاف بلاامتیاز اور بھرپور کارروائی کی جائے گی، تاکہ بیرون ملک روزگار کے خواہشمند شہریوں کا استحصال روک کر نظام کو شفاف بنایا جا سکے۔