
25/07/2025
باجوڑ: آئی جی ایف سی خیبرپختونخوا (نارتھ) میجر جنرل راؤ عمران سرتاج کی زیر صدارت باجوڑ سکاوٹس ہیڈ کوارٹر خار میں ایک اہم گرینڈ جرگہ منعقد ہوا، جس میں مختلف مکاتب فکر کے معتبر مشران، سیاسی نمائندگان اور قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔
جرگے کا آغاز باجوڑ کے شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی سے ہوا۔ آئی جی ایف سی نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور انہیں علاقے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔
انہوں نے واضح کیا کہ مقامی عوام کی جان و مال کا تحفظ فورسز کی اولین ترجیح ہے۔ آئی جی ایف سی نے کہا کہ باجوڑ میں دہشت گرد عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز جاری رہیں گے اور ان کے مکمل خاتمے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان آپریشنز کی کامیابی کے لیے عوامی تعاون نہایت اہم ہے۔ رہائشی سہولیات کی کمی اور بھتہ خوری کو علاقے کے اہم مسائل قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے حل کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
آئی جی ایف سی نے اس بات پر زور دیا کہ سیکیورٹی فورسز اور عوام کو یکجہتی کے ساتھ کام کرنا ہوگا تاکہ دیرپا امن قائم کیا جا سکے۔
جرگے میں شریک مقامی مشران اور سیاسی نمائندگان نے دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز میں مکمل حمایت اور تعاون کا اعادہ کیا اور کہا کہ امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیوں میں وہ فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔