22/06/2020
سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان اور ہندوستان کے وزرائے خارجہ سے علاقائی و بین الاقوامی مسائل حاضرہ پر تبادلہ خیال کیا
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے پیر 22 جون کو پاکستان، انڈیا، بنگلہ دیش اور ملائیشیا کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے کیے-
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے پاکستان اور سعودی عرب کے دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی حالات حاضرہ کا جائزہ لیا-
شہزادہ فیصل بن فرحان نے انڈین وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے مملکت اور انڈیا کے دو طرفہ گہرے تعلقات کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں انہیں مزید مضبوط بنانے کے طور طریقوں پر تبادلہ خیال کیا- علاوہ ازیں باہمی دلچسپی کے متعدد امور بھی زیر بحث آئے-
اس سے قبل سعودی وزیر خارجہ نے پیر کو جموں و کشمیر سے متعلق اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ کے اجلاس میں بھی شرکت کی تھی-
سعودی وزیر خارجہ نے ملائیشیا کے وزیر خارجہ ہشام الدین حسین سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے سعودی عرب اور ملائیشیا کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا- انہیں فروغ دینے کے طریقوں پر گفت و شنید کی جبکہ باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر نقطہ ہائے نظر کا تبادلہ کیا-
شہزادہ فیصل نے بنگلہ دیشی وزیر خارجہ اے کے عبدالمومن سے ٹیلیفون پر رابطہ قائم کرکے بنگلہ دیش اور سعودی عرب کے مشترکہ تعاون کے شعبوں کا جائزہ لیا- علاوہ ازیں باہمی دلچسپی کے متعدد امور بھی زیر بحث آئے-