27/09/2025
آج مورخہ 27/09/2025 علی الصبح محکمہ فشریز ضلع مانسہرہ کو اطلاع ملی کہ شنکیاری بازار کے پیچھے اور تانڈہ پل کے قریب دریائے سرن میں چند افراد مچھلی کے غیر قانونی شکار کے لئے بلیچنگ پاؤڈر ڈال رہے ہیں۔
اطلاع ملتے ہی فشریز واچر محمد اویس اور فشریز واچر محمد ابراہیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ تاہم ان کے پہنچنے سے قبل ہی ملزمان جمع شدہ مچھلی سمیت موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ بعد ازاں ڈپٹی ڈائریکٹر فشریز ضلع مانسہرہ تاج محمد اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور تفصیلی چھان بین کی۔ مگر مقامی افراد نامعلوم وجوہات کی بنا پر ملزمان کے نام اور پتے بتانے سے گریزاں رہے۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر فشریز ضلع مانسہرہ نے مقامی عوام اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ وہ ایسے جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی میں محکمہ فشریز کی مدد کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اس قسم کے مجرمانہ اقدامات کو نہ روکا گیا تو قدرتی ماحول اور آبی حیات بری طرح متاثر ہوگی اور مستقبل میں بھی اس طرح کے واقعات کا خطرہ برقرار رہے گا۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ محکمہ فشریز ضلع مانسہرہ نے حال ہی میں دریائے سرن میں خاکی اور سم کے مقامات پر سینکڑوں مچھلی کے بچے سٹاک کیے ہیں۔ اگر عوام، پولیس اور سوشل میڈیا کا تعاون محکمہ فشریز کے ساتھ رہا تو ایسے عناصر دوبارہ اس جرم کی ہمت نہیں کر سکیں گے۔
محکمہ فشریز ضلع مانسہرہ کی عوام الناس سے اپیل ہے کہ اس بے جان مخلوق کی حفاظت کی خاطر ہمارا ساتھ دیں اور اپنے قدرتی ورثے، خصوصاً مچھلیوں کو اور قدرتی ماحول کو ان خطرات سے محفوظ بنانے میں کردار ادا کریں۔
منجانب:
محکمہ فشریز، ضلع مانسہرہ
27/09/2025