
18/07/2025
حضرو (اسماعیل خان سے)تحصیل حضرو کی صحافت میں مثبت پیشرفت، خود احتسابی کا عمل شروع کرتے ہوئے صحافت کے وقار اور معاشرے کی بہتری کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کا اعلان ، نامور صحافی نثار علی کو دھمکیوں کہ سخت مذمت اور مکمل اظہار یکجہتی ، سینئر صحافیوں پر مشتمل پانچ رکنی ایکشن کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔
تفصیلات کے مطابق علاقہ چھچھ کے فعال اور صحافیوں کا اہم اجلاس بہادر خان میں معروف صحافی حمزہ خان کے فارم ہائوس میں منعقد ہوا جس میں سینئر صحافی نثار علی خان ، ملک خالد حسین، حفیظ میر ، اقبال شاہ ، ملک یاسر ، امجد بیگ ، زوہیر عباس ، احسان قریشی، چوہدری عبدالرشید، حاجی راشد منیر، عمر فاروق خان، اسماعیل خان ، ملک آصف اعوان، دلشاد احمد ، ملک تنویر حسین، رب نواز ، باسط آرائییں نے شرکت کی اور اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اجلاس میں بوجہ مجبوری شرکت نہ کرنے والے بزرگ صحافی چھچھ الحاج طارق علی خان ، ڈاکٹر مسعوداختر، شکیل خان، نوید قادری نے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں عوام الناس کی شکایات کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ صحافت میں چھپی کالی بھیڑوں کی صفائی کی جائے گی اور مختلف محکموں کے سرکاری ملازمین ، پٹواریوں، پٹرول ایجنسیوں اور کاروباری حضرات سے بھتہ لینے کی شکایات و اطلاعات کو درست قرار دیکر ملوث نام نہاد صحافیوں کو پہلے خبردار کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا اور اگر وہ باز نہ آئے تو متاثرہ سرکاری ملازمین اور کاروباری طبقہ سے مل کر ان ناسوروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ اجلاس میں تمام صحافیوں نے سینئر صحافی نثار علی خان کو دھمکیوں کی شدید مذمت کی اور ڈی پی او اٹک سے مطالبہ کیا گیا کہ نثار علی خان کی درخواست پر فوری کارروائی کرکے دھمکیوں پر مقدمہ درج کیا جائے۔ صحافیوں نے متفقہ طور پر کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے اور اس کی حرمت پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی اس مقصد کیلئے انتظامی محکموں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کرکے تحریری درخواستیں دی جائیں گی۔ اجلاس میں عوام سے بھی اپیل کی گئی کہ ایسے لوگوں کی نشاندہی کی جائے اور کسی کا کوئی خوف ڈر محسوس کئے بغیر متعلقہ اتھارٹی کو درخواست دی جائے تحصیل حضرو کے صحافی ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے چاہے کوئی خود کو کتنا بڑا صحافی نہ کہلائے۔