07/09/2025
پولیس کے اعلیٰ حکام کی خدمت میں گزارش
عوامی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے دست بستہ گزارش ہے کہ تھانوں میں ایسے افسران و اہلکار ہرگز تعینات نہ کیے جائیں جو عوام کو سہولت دینے کے بجائے مزید مشکلات میں ڈال دیتے ہیں۔
آج ایک ناخوشگوار منظر دیکھنے کو ملا کہ مردان سٹی سرکل کے ایک تھانے میں جرگے نے دو فریقین کے درمیان صلح کروائی، دونوں نے ایک دوسرے کو معاف کیا اور کارروائی نہ کرنے پر بھی اتفاق کیا، لیکن اس کے باوجود دونوں فریقین حوالات میں بند رہے اور ایس ایچ او نے انہیں چھوڑنے سے انکار کردیا۔ یہ رویہ انتہائی افسوسناک ہے۔
پولیس کے اعلیٰ افسران بارہا ہدایات جاری کر چکے ہیں کہ تھانوں اور دفتروں میں عوام کو عزت دی جائے، "پہلے سلام پھر کلام" پر عمل کیا جائے اور شہریوں کو سہولت فراہم کی جائے، مگر عملی طور پر ان ہدایات پر عمل درآمد نہ ہونے کے برابر ہے۔ عوام تھانوں میں ذلیل و رسوا ہو رہے ہیں۔
ہم جناب آئی جی پی خیبرپختونخوا سے پرزور گزارش کرتے ہیں کہ:
1. تھانوں میں ایماندار، خوش اخلاق اور قابل افسران و اہلکار تعینات کیے جائیں۔
2. جو اہلکار سالہا سال سے ایک ہی دفتر یا تھانے میں تعینات ہیں، انہیں فوری طور پر ہٹا کر نئے اہلکار تعینات کیے جائیں۔
3. یہ تاثر ختم ہونا چاہیے کہ چند مخصوص لوگ ہی ہر بار انہی سیٹوں کے مستقل حقدار ہیں۔
4. ضلعی یا ریجنل پولیس افسران کی تعیناتی پر ایسے اہلکار افسران کو غلط گائیڈ کر کے ایماندار پولیس اہلکاروں کا حق نہیں چھیننا چاہیے۔
یہ کلچر اب ختم ہونا لازمی ہے تاکہ عوام کا اعتماد پولیس پر بحال ہوسکے۔
copy