15/07/2025
اولندر پیرخانہ میں جدید تعلیمی ادارے "ماڈرن ایجوکیشن سسٹم" کا قیام
رپورٹ: سردار علی یوسفزئی، صحافی و تجزیہ نگار
اولندر پیرخانہ میں تعلیمی ترقی کی جانب ایک مثبت قدم اٹھاتے ہوئے "ماڈرن ایجوکیشن سسٹم" کے نام سے ایک نیا نجی تعلیمی ادارہ قائم کر دیا گیا ہے۔ اس ادارے کی بنیاد معروف شخصیت جمعہ خان شاہین نے رکھی، جنہوں نے مقامی بچوں اور بچیوں کو جدید تعلیم سے آراستہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
اس ادارے کا تعلیمی نظام نہ صرف عصری علوم پر مبنی ہوگا بلکہ جدید دور کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کمپیوٹر ٹیکنالوجی کی تربیت کو بھی نصاب میں شامل کیا گیا ہے۔ تعلیمی سہولیات کو اس انداز سے ترتیب دیا گیا ہے کہ طلبہ کو روایتی علوم کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل مہارتیں بھی حاصل ہوں تاکہ وہ مستقبل کے چیلنجز سے بخوبی نمٹ سکیں۔
"ماڈرن ایجوکیشن سسٹم" میں لڑکیوں کی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے، اور چھٹی جماعت سے بارہویں جماعت تک کی طالبات کو بنیاد سے اعلیٰ سطح کی تعلیم فراہم کی جائے گی۔ یہ اقدام علاقے میں لڑکیوں کی شرح خواندگی بڑھانے اور انہیں بااختیار بنانے کی ایک قابل قدر کوشش قرار دی جا رہی ہے۔
اس موقع پر جمعہ خان شاہین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ،
"تعلیم ہی وہ واحد راستہ ہے جو ہماری نوجوان نسل کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کر سکتا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ پیرخانہ اور گرد و نواح کے بچے جدید علم و ہنر سے آراستہ ہو کر معاشرے میں مثبت کردار ادا کریں۔"
مقامی عوام، والدین، اساتذہ اور سماجی حلقوں نے اس تعلیمی ادارے کے قیام کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ "ماڈرن ایجوکیشن سسٹم" علاقائی ترقی اور تعلیمی بہتری میں ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔
Journalist Sardar Ali Yousafzai