10/16/2026
با تسلیمات دفتر ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ لیہ، حکومت پنجاب
ہینڈ آؤٹ
لیہ، 16 اکتوبر 2026( ) نواز شریف سکول آف ایمیننس جیسل کلاسرہ کا افتتاح کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر اور سابق صوبائی وزیر مہر اعجاز احمد اچلانہ نے سکول کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کیمپس منصور کلاسرہ اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ افتتاح کے بعد ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے سکول کی عمارت اور کلاس رومز کا معائنہ کیا اور زیرِ تعلیم طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صوبہ بھر میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں اور نواز شریف سکولز آف ایمیننس اسی وژن کی عملی کڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع لیہ کے طلبہ صلاحیتوں اور قابلیت میں کسی سے کم نہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں معیاری تعلیمی سہولیات اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے سکول انتظامیہ پر زور دیا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ طلبہ کی تربیت، کردار سازی اور قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے روشن مستقبل اور بہتر تعلیم و تربیت کو یقینی بنانے کے لیے کوالیفائیڈ تدریسی عملے کی خدمات حاصل کی جائیں۔ سابق صوبائی وزیر مہر اعجاز احمد اچلانہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ جیسل کلاسرہ میں نواز شریف سکول آف ایمیننس کا قیام علاقے کے لیے خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے اس منصوبے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سکول کے قیام سے علاقے میں معیاری تعلیم کے فروغ اور طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو بہتر بنانے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔ ڈائریکٹر کیمپس منصور کلاسرہ نے مہمانوں کو سکول کے انتظامی و تدریسی امور کے بارے میں بریفنگ دی اور تقریب میں شرکت پر معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔