12/31/2025
مولانا راشد قاسمی. صدر جمعیتہ علماء راجستھان و مہتمم دارالعلوم محمدیہ میل کھیلا بھرتپور کو دار العلوم دیوبند کی مجلسِ شوریٰ میں شامل کرنے کا مطالبہ
(نئی دہلی /نوح میوات (پریس ریلیز
میوات کی عظیم دینی دانشگاہ دار العلوم محمدیہ میل کھیڑلا کے مہتمم و شیخ الحدیث و جمعیۃ علماء راجستھان کے صدر، ممتاز عالمِ دین مولانا محمد راشد قاسمی کو ملک کی عظیم اسلامی یونیورسٹی و ام المدارس دار العلوم دیوبند کی مجلسِ شوریٰ میں شامل کرنے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے، اس مناسبت سے خطہ میوات بشمول راجستھان ہریانہ کے ارباب مدارس کی جانب سے دار العلوم دیوبند کو باضابطہ خطوط ارسال کیے جا چکے ہیں،
خطوط میں مولانا راشد قاسمی کی علمی، انتظامی اور دینی خدمات کا تفصیل سے ذکر کیا گیا ہے، مولانا راشد قاسمی کا تعلق ایک ایسے خانوادۂ سے ہے جس کی دینی خدمات تاریخ کا روشن باب ہیں، وہ حضرت جی مولانا شاہ محمد الیاس کاندھلویؒ کے خاص رفیق میانجی موسیٰؒ کے پوتے اور دار العلوم محمدیہ میل کھیڑلا کے بانی، سابق صدر جمعیۃ علماء راجستھان مولانا قاسمؒ کے جانشین ہیں، جنہوں نے میوات و راجستھان میں دینِ اسلام کی اشاعت کے لئے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں، علماء کرام کا کہنا ہے کہ انہی اکابرین کی علمی وراثت کو مولانا راشد قاسمی آج پوری قوت اور بصیرت کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں، ان کی سرپرستی میں آج بھی سینکڑوں مکاتب، مدارس اور دینی ادارے کامیابی کے ساتھ خدمات انجام دے رہے ہیں، مولانا راشد قاسمی میوات کے ان چند علماء میں شامل ہیں جو فعال، متحرک اور ہمہ جہت علمی صلاحیتوں کے حامل ہیں، ان کی زیر نگرانی چلنے والا ادارہ دار العلوم محمدیہ میل کھیڑلا میوات کا سب سے بڑا دینی تعلیمی مرکز ہے، جہاں ہزاروں طلبہ و طالبات قرآن و حدیث، فقہ، تفسیر اور عصری تعلیم حاصل کر رہے ہیں، دار العلوم دیوبند سے ان کا علمی و فکری تعلق بھی گہرا اور مضبوط رہا ہے، اس مطالبے کی تائید کرنے والوں میں متعدد اکابر علماء و ذمہ داران شامل ہیں، جن میں خصوصا امیرِ شریعت ہریانہ، پنجاب، ہماچل پردیش و چندی گڑھ مولانا الیاس جھمراوٹ، مفتی محمد زاہد حسین قاسمی شیخ الحدیث مدرسہ معین الاسلام نوح، مفتی محمد ابراہیم قاسمی ناظمِ تعلیمات، معین الاسلام نوح، مولانا حکیم الدین اشرف اٹاؤڑی صدر جمعیۃ علماء ہریانہ، پنجاب، ہماچل پردیش و چندی گڑھ،
مفتی احمد حسین قاسمی ناظمِ تعلیمات دار العلوم مہتابیہ بگینہ، مولانا انوار صاحب مالپوری سرپرست ضلع پلول، مولانا لقمان قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع پلول، مفتی وسیم قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء ضلع پلول،مولانا جمال الدین اونچا گاؤں صدر جمعیۃ علماء ضلع فرید آباد، رہنمائے میوات، ناظمِ تعلیمات معدن العلوم جھمراوٹ مولانا حسن قاسمی، مولانا یحییٰ کریمی ناظم اعلیٰ جمعیۃ علماء متحدہ پنجاب، ماسٹر قاسم ظفر مہتمم مدرسہ افضل العلوم، مہوں،
الحاج میانجی محمد رمضان مالب صدر جمعیۃ علماء میوات، مفتی محمد یوسف قاسمی معدن العلوم جھمراوٹ، کے علاوہ سینکڑوں علماء کرام، ائمہ، خطباء اور دینی ذمہ داران شامل ہیں، علماء نے متفقہ طور پر کہا کہ مولانا راشد قاسمی میں وہ تمام اوصاف بدرجۂ اتم موجود ہیں جو ایک مجلسِ شوریٰ کے رکن کے لیے ضروری ہوتے ہیں، جن میں علمی رسوخ، تقویٰ، بصیرت، تنظیمی صلاحیت، اعتدال اور امت کے مسائل کا گہرا شعور شامل ہے، اہلِ علم کا کہنا ہے کہ اگر مولانا راشد قاسمی کو دار العلوم دیوبند کی مجلسِ شوریٰ میں شامل کیا جاتا ہے تو یہ نہ صرف میوات بلکہ پورے خطۂ شمالی ہند کے دینی حلقوں کے لیے باعثِ افتخار ہوگا اور دار العلوم دیوبند کو بھی ایک صاحبِ بصیرت، فعال اور تجربہ کار عالم کی خدمات میسر آئیں گی،