
07/28/2024
یہ جون کا مہینہ تھا. دوپہر کا ایک بج رہا تھا. میں اپنے ایک دوست کے ساتھ اس کی کتابوں کی دکان میں بیٹھا ہوا تھا اور دونوں ہی نوکیا کے X-2 موبائل پر ریڈیو سن رہے تھے. گرمی کی وجہ سے گاہک نہ ہونے کے برابر تھے سو پورے انہماک سے ریڈیو ہی سن رہے تھے.
ایک خاتون RJ تھیں. جس کا نام مجھے ابھی تک یاد ہے، جیسمن تھا. انتہائی خوبصورت آواز کی مالک تھیں. بیٹھے بیٹھے ہم دونوں کو زندگی میں پہلی مرتبہ کسی ریڈیو شو میں مسیج یا کال کرنے کا خیال آیا. محدود وسائل اور عمر کم ہونے کی وجہ سے ہم نے پہلے کبھی اس "عیاشی" کا نہیں سوچا تھا مگر اس دن من موجی ہو رہا تھا اوپر سے جیسمن کی آواز اور اس آواز میں انرجی.. توبہ!
میں نے ایک میسج ٹائپ کیا. روایتی کلمات لکھے پھر گانے کی فرمائش کی جو تھا "ہوگیا ہے تجھ کو تو پیار سجنا" نیچے شہر کا نام اٹک لکھا اور آخر میں دوست کا نام جو مثل خان تھا لکھ کر بھیج دیا.
ریڈیو کی آواز بڑھا دی گئی. آواز کو مزید صاف کرنے کے لئے ہینڈ فری کی تاریں اوپر لٹکا دی گئی اور توجہ پہلے سے بھی زیادہ ریڈیو پر مبذول کر لی. RJ جیسمن باری باری فرمائشی گانے چلا رہی تھی. ہر بار گانے کی باری آتی تو ہم سیدھے ہو کر بیٹھ جاتے مگر پھر وہ کسی اور کا نام لیتی اور انکا کوئی گانا پلے کرتی. ہم پھر ذرا مایوس ہو کر ٹیک لگاتے.
شو کا ٹائم ختم ہوا جا رہا تھا. امیدیں اب دم توڑ رہی تھیں ہماری. ہم دونوں ایک دوسرے سے آنکھ نہیں ملا پا رہے تھے کیوں کہ یہ چھوٹی سی ایکٹیویٹی ہمارے لئے بہت دلچسپی کا باعث بن چکی تھی. شو میں اب چھ سات منٹ رہ گئے تھے اور ہمارے حساب سے اب آخری فرمائش پوری ہونی تھی. ہماری امیدیں اب اس آخری گانے سے لگ گئی تھی. اس بار بھی باری نہیں آئی تو سمجھو ہمارا گانا شامل نہیں ہونے والا. جیسمن باجی جلدی میں میسج پڑھے جا رہی تھی اور پھر اس نے آخری گانا بھی اناونس کر لیا. جو کہ ہمارے والا نہیں تھی..
ہم نے تھکے ہوۓ انداز میں کرسیوں پر ٹیک لگایا. شو اب ختم ہو رہا تھا. RJ جیسمن سب کو بائے کر رہی تھی. ہم دونوں ہی مایوس بیٹھے ریڈیو بند کرنے کا سوچ رہے تھے وہ کسی سرپرائز گانے کے بارے میں کہہ رہی تھیں جو کہ بہت اسپیشل تھا اس کی نظر میں. اچانک اس نے مثل خان کا نام لیا. ہم دونوں نے ایک لمحے کے لئے ایک دوسرے کو دیکھا اور کان کھڑے کر لئے. RJ مزید کہنے لگیں "میں نے آپ سب کے لئے ایک بہت خاص فرمائش سنبھال کر رکھی ہے. گریٹیسٹ ایکٹر کے گریٹیسٹ فلم کا ایک گریٹیسٹ گانا، "ہوگیا ہے تجھ کو تو پیار سجنا" جو کہ فرمائش ہے مثل خان اٹک والے کی"
جیسمن کی ٹا ٹا کے ساتھ ادت نارائن آ چکے تھے.
گانا چل گیا تھا. ہماری خوشی دیدنی تھی. ہماری فرمائش اتنی تھگڑی تھی کہ اسے اسپیشل کا درجہ دے دیا تھا. ہم تھوڑا نہ ملنے پر پریشان ہو رہے تھے جبکہ ہمارے لئے بہت کا بندوبست کیا گیا تھا.
شاہ رخ اور کاجول کی لاثانی جوڑی نے جہاں بے شمار یادگار فلمز اور گیت کی ہیں وہی اس گانے کو بھی چار چاند لگایا ہے. ساتھ میں ادت نارائن اور لتا جی کی آواز اور یش چوپڑا کی ہدایتکاری نے سمجھو تباہی پھیر دی تھی. پھر جو کسر رہ گئی تھی وہ سویزرلینڈ نے پوری کر دی.
فلم میں اس گانے کی بہت اہمیت ہے. ایک تو اسکی ٹائمنگ دوسرا اسکے بول. دو اجنبی دوست بنے پھر وہ ہلکی پھلکی یادیں لیکر جدا ہو رہے تھے مگر ایک کے دل میں پیار کی آگ بھڑک چکی تھی جبکہ ایک کے دل میں چنگاری تھی جو بس بڑھکنے سے صرف ایک پھونک کی دوری پر تھی اور وہ پھونک کا کام اس گانے نے کیا. انتہائی خوبصورت لوکیشن پر فلمایا گیا یہ گانا گویا فلم کی پوری کہانی بدل کر رکھ دیتا ہے.
تحریر و تبصرہ: شمیل خان
Misal khan
Legends Attock