10/28/2025
چھ نشانیاں --- ظفرجی
ایک بزرگ پریشان حال میرے پاس آئے اور بتایا کہ ان کا بیٹا کسی کمپنی میں انٹرویو کےلیے گوجرانوالا گیا تھا- آج اس کی کال آئی ہے کہ سیلیکشن ہو گئی ہے- اب کمپنی 85 ہزار سیکیورٹی مانگ رہی ہے- کیا کروں؟
میں نے کہا ، یہ تو ٹائنز کا کیس معلوم ہے- کیا اس کمپنی نے انٹرویو کے وقت کچھ ایڈوانس لیا ہے؟
وہ بولے ، ہاں 5 ہزار لیا ہے-
میں نے کہا ، یہ دوسری نشانی ہے ٹائنز کی- مجھے وہ نمبر دو جہاں سے آپ کو کمپنی کی کال آئی تھی-
انہوں نے نمبر دیا- میں نے ڈائل کیا تو بزی ملا- میں نے کہا، یہ تیسری نشانی ہے ٹائنز کی- کال آ تو سکتی ہے جا نہیں سکتی-
پھر اس لڑکے کو فون کیا اور کہا کہ جو آدمی تم سے 85 ہزار مانگ رہا ہے اس سے بات کراؤ-
اس نے کال ملا کر دی-
میں نے پوچھا ، آپ کی کمپنی کا نام کیا ہے؟
کہنے لگا ، DHL کورئیر سروس
میں نے کہا ، کس جگہ انٹرویو کر رہے ہو؟
کہنے لگا ، گجرانوالا بلال ٹاؤن ہیڈ آفس ڈی ایچ ایل ....
لڑکے کس کام کےلیے بھرتی کر رہے ہو؟
کہنے لگا ، امپورٹ ایکسپورٹ کےلیے-
میں نے کہا ، یہ چوتھی نشانی ہے ٹائنز کی-
پھر اسے کہا ، بھائی ڈی ایچ ایل کا یہ طریقہ نہیں ہے- صاف بولو آپ ٹائنز کے ہو- کیوں ان غریبوں کو لوٹتے ہو؟ لڑکے کی سیکیورٹی فیس واپس کرو اور اسے چھٹی دو ورنہ تیرا وہ حشر کروں گا کہ یاد رکھو گے-
وہ بولا ، آپ لڑکے سے پہلے پوچھ لو وہ واپس بھی آنا چاہتا ہے یا نہیں-
میں نے کہا ، یہ پانچویں نشانی ہے ٹائنز کی- امیدوار کو اپنا وکیل بنا لیتے ہیں-
لڑکے سے بات کی اور سمجھانے کی کوشش کی تو اس نے فون بند کر دیا- میں نے کہا، یہ چھٹی نشانی ہے ٹائنز کی- ایسا جادو کرتے ہیں کہ بندہ عقل کی بات سننا بھی گوارا نہیں کرتا-
کوئی گوجرانوالا کا دوست بتا سکتا ہے کہ بلال ٹاؤن میں DHL کے ہیڈ آفس میں ٹائنز کیا کر رہی ہے؟
دراصل مجھے چار نشانیاں مزید درکار ہیں ...