11/16/2025
انٹرپول نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مونس الٰہی کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے وارنٹس کا معاملہ نمٹا دیا۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما مونس الٰہی کے خلاف جاری انٹرپول کارروائی بالآخر اختتام کو پہنچ گئی ہے اور انہیں اس حوالے سے واضح ریلیف مل گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق انٹرپول نے حکومتِ پاکستان کی جانب سے بھیجی گئی گرفتاری کی درخواست ناکافی شواہد کی بنیاد پر نمٹا دی ہے جس کے بعد اس معاملے پر مزید کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق حکومتِ پاکستان نے مونس الٰہی کی گرفتاری کے لیے باضابطہ طور پر انٹرپول سے رجوع کیا تھا اور ان کے خلاف جاری متعدد مقدمات کی بنیاد پر ریڈ وارنٹ کے اجرا کی درخواست دی گئی تھی۔
انٹرپول نے طویل جائزے، قانونی مشاورت اور فریقین کے مؤقف سننے کے بعد واضح کیا انٹرنیشنل کریمینل پولیس آرگنائزیشن کے سیکریٹری جنرل نے اس فیصلے پر باضابطہ تحریری خط بھی جاری کر دیا ہے۔
مونس الٰہی گزشتہ کئی ماہ سے بیرونِ ملک مقیم ہیں جبکہ پاکستان میں ان کے خلاف مختلف قانونی کارروائیاں اور مقدمات درج ہیں۔
حکومت نے ان کے خلاف جاری کیسز کی بنیاد پر انٹرپول سے تعاون حاصل کرنے کی کوشش کی تاہم انٹرپول نے اپنی پالیسی، قواعد اور شواہد کے معیار کو مدِنظر رکھتے ہوئے درخواست مسترد کر دی۔
پی ٹی آئی قیادت اور کارکنان اس فیصلے کو حکومت کے لیے ایک قانونی و سفارتی دھچکا اور مونس الٰہی کے لیے اہم فتح قرار دے رہے ہیں۔
# -